زندگی سے ڈرتے ہو ؟

.... نجم الحسن شاہیا
__________________

زندگی کلیساء کی 
راہبہ نہیں کوئی 
جا نماز پر بیٹھی 
زاہدہ نہیں کوئی
زندگی ہے اک چنچل 
بے حجاب رقاصہ 
ہاتھ تھام لے جس کا 
رقص گاہِ عالم میں 
ناچتا ہے ہر انساں 
تم بھی اس حسینہ کو 
بازوؤں کے گھیرے میں 
لے کے بے قراری سے
رقص کیوں نہیں کرتے؟
نرتکی* سے ڈرتے ہو ؟
اس سے تم نہیں ڈرتے 
مولوی سے ڈرتے ہو 
مذہبی جنونی کی 
دشمنی سے ڈرتے ہو 
وہ مصوری ہو 
یا شاعری و موسیقی 
ہر لطیف فن کو وہ 
کم نظر فتاویٰ گر 
کافری سمجھتا ہے 
تم عجب سپاہی ہو 
رائفل کی نالی سے 
تم کو ڈر نہیں لگتا 
بانسری سے ڈرتے ہو ؟
جس سے وہ ڈراتا ہے 
تم اُسی سے ڈرتے ہو 
زندگی بدن کا رقص 
دھڑکنوں کا سازینہ 
ساز سے تمہیں نفرت ؟
رقص سے تمہیں نفرت ؟
شعر سے تمہیں نفرت ؟
حسن سے تمہیں نفرت ؟
خوف, نفرتوں کی جڑ 
یار! تم اگر اتنا ہی 
زندگی سے ڈرتے ہو 
مر کیوں نہیں جاتے ؟
خود کُشی سے ڈرتے ہو؟

 نجم الحسن شاہیا

* نرتکی: رقاصہ Dancing Girl





Comments